05:59 , 21 جون 2026
Watch Live

پیپلز پارٹی قیادت نے بڑی ترقیاتی اسکیمیں شروع کرنے کی ہدایت دی، مراد علی شاہ

Murad Ali Shah

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے اب چھوٹی منصوبہ بندی سے آگے بڑھ کر بڑے ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دینے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑی ترقیاتی اسکیمیں سندھ اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گی اور آئندہ برسوں میں ان کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت کا سب سے بڑا خرچ تنخواہوں اور پنشن کی مد میں ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تنخواہوں اور پنشن میں 7 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ 2023 اور 2025 کے ایڈہاک الاؤنسز کو بنیادی تنخواہ میں ضم کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق آئندہ مالی سال میں کم از کم ماہانہ آمدن 43 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 26.2 ارب روپے کی گرانٹ ایس آئی یو ٹی کو دی جائے گی جبکہ 155 ارب روپے کی گرانٹ مقامی حکومتوں کے لیے مختص کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگلے سال 2056 جاری ترقیاتی اسکیمیں مکمل کی جائیں گی، تاہم موجودہ بجٹ میں کوئی نئی اسکیم شامل نہیں کی گئی۔

مزید پڑھیں: پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان گلگت بلتستان میں حکومت سازی پر اتفاق

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واضح ہدایت دی ہے کہ اب چھوٹی اسکیموں سے نکل کر بڑے منصوبوں پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت کی دور اندیش منصوبہ بندی کی بدولت آنے والے دو سالوں میں حالات میں نمایاں بہتری متوقع ہے اور دیگر صوبے بھی پیپلز پارٹی کی قیادت کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کے فارمولے میں تبدیلی کی تجویز دی گئی تھی، تاہم پیپلز پارٹی نے اسے مسترد کر دیا کیونکہ یہ آئین کے خلاف ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ ملکی دفاع اور قومی یکجہتی کے لیے تمام صوبوں نے وفاق کے ساتھ تعاون کیا اور آئین کے آرٹیکل 164 کے تحت گرانٹس فراہم کیں۔ ان کے مطابق بڑی ترقیاتی اسکیمیں اور بہتر مالی منصوبہ بندی مستقبل میں سندھ کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے اہم ثابت ہوں گی۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION